سندھ حکومت کا چترال کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان پشاور پہنچ گیا
پشاور: (دنیا نیوز) حکومتِ سندھ کی جانب سے چترال کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان پشاور پہنچ گیا، سندھ حکومت کی جانب سے 10 ٹرک امدادی سامان گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے حوالے کر دیا گیا۔
امدادی سامان کی حوالگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سندھ حکومت نے ہر مشکل گھڑی میں خیبرپختونخوا کا ساتھ دیا ہے، صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ نے ہمیشہ خیبرپختونخوا کو سپورٹ کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم نے سندھ حکومت سے چترال کے سیلاب متاثرین کے لیے امداد کی درخواست کی تو فوری طور پر ایمرجنسی ریلیف سامان بھجوا دیا گیا، پی ڈی ایم اے سندھ کے حکام نے امدادی سامان کے 10 ٹرک ہمارے حوالے کیے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے سندھ امدادی سامان پاکستان ہلال احمر خیبرپختونخوا کے حوالے کرے گا، پاکستان ہلال احمر خیبرپختونخوا امدادی سامان چترال پہنچا کر سیلاب متاثرین میں تقسیم کرے گا۔ خوراک، پانی اور نان فوڈ آئٹمز پر مشتمل امدادی سامان سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے مشکل کی اس گھڑی میں تعاون پر سندھ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا چترال کے سیلاب متاثرین کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں، این ایچ اے چترال کے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی بحالی یقینی بنائے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بدقسمتی سے این ڈی ایم اے کے 11 ویئر ہاؤسز میں سے صرف ایک خیبرپختونخوا، نوشہرہ میں قائم ہے، خیبرپختونخوا میں این ڈی ایم اے کے کم از کم تین سے چار ویئر ہاؤسز ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ سیلاب خیبرپختونخوا میں آتے ہیں، اس لیے یہاں زیادہ ریلیف ویئر ہاؤسز ہونے چاہئیں، نوشہرہ کے علاوہ ملاکنڈ اور ڈی آئی خان میں بھی این ڈی ایم اے کے ویئر ہاؤسز قائم کیے جائیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے سے درخواست ہے کہ خیبرپختونخوا میں مزید ریلیف ویئر ہاؤسز قائم کیے جائیں، اس مشکل گھڑی میں چترال کے سیلاب متاثرین کو ہماری مدد کی ضرورت ہے، این ڈی ایم اے کو ریلیف سرگرمیوں میں آگے آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا امدادی سامان چترال پہنچ گیا، لیکن صوبائی حکومت کا امدادی سامان ابھی تک متاثرین تک نہیں پہنچ سکا، امدادی سرگرمیوں میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، متاثرین کو بروقت امداد فراہم کرنا ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاقی، صوبائی اور فلاحی ادارے آگے بڑھ کر چترال کے سیلاب متاثرین کی مدد کریں، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے درخواست ہے کہ چترال کے متاثرہ علاقوں میں اپنی ٹیمیں فوری روانہ کریں، صوبائی وزراء اور ڈپٹی اسپیکر چترال کا دورہ کرکے ریلیف سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments