مسجد کے باہر بھیک مانگنے والی بزرگ خاتون کے گھر سے لاکھوں روپے برآمد
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست کرناٹک کے شہر منڈیا میں ایک بزرگ خاتون کے انتقال کے بعد اس کے گھر سے لاکھوں بھارتی روپے کی نقد رقم اور سکے برآمد ہونے پر اہل علاقہ حیران رہ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون کی شناخت حور کے نام سے ہوئی ہے، جو منڈیا شہر کے گٹالو لے آؤٹ میں رہائش پذیر تھی اور کئی برسوں سے ایک مقامی مسجد کے باہر بیٹھ کر بھیک مانگ کر اپنا گزر بسر کرتی تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ حور اکثر لوگوں سے شکوہ کرتی تھی کہ اس کے گھر والے اس کی مناسب دیکھ بھال نہیں کرتے، جس کے باعث اسے اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے لوگوں سے مالی مدد لینا پڑتی ہے۔
خاتون کے انتقال کے بعد جب اس کے گھر کی تلاشی لی گئی تو وہاں نوٹوں اور سکوں سے بھری بوریاں موجود ملیں، جنہیں دیکھ کر اہل علاقہ دنگ رہ گئے۔
رقم کی گنتی کے دوران 30 لاکھ بھارتی روپے سے زائد رقم سامنے آئی، جو پاکستانی کرنسی میں 87 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے، تاہم مقامی افراد کے مطابق گھر سے ملنے والی مجموعی رقم 30 سے 40 لاکھ بھارتی روپے کے درمیان ہوسکتی ہے۔
برسوں تک مسجد کے باہر بیٹھ کر بھیک مانگنے والی خاتون کے پاس اتنی بڑی رقم موجود ہونے کا انکشاف علاقے میں موضوعِ بحث بن گیا ہے، مقامی سطح پر یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ حور نے یہ رقم کب اور کیسے جمع کی اور اسے اتنی بڑی رقم اپنے گھر میں رکھنے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments