ظلم کے نظام کو بدلنا اور حکمرانوں کو ہٹانا ہو گا: حافظ نعیم الرحمان

راولپنڈی:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکمران عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکے ہیں، ملک میں ظلم اور مافیا پر مبنی نظام کو تبدیل کرنا ہو گا۔

لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنوں نے جلسے کی راہ میں انتظامیہ کے تمام ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دیا۔

اُنہوں نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ اگر جلسہ نہیں کرنے دیا گیا تو راولپنڈی اور اسلام آباد کی سڑکیں بھر جائیں گی، آج تاریخی مقام پر جلسہ کرنے پر کارکنوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اسی مقام پر شہید ملت لیاقت علی خان کو شہید کیا گیا، دہائیاں گزر گئیں لیکن قوم کے محسنوں کے قاتل گرفتار نہیں ہوسکے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آصف زرداری اسی مقام پر شہید ہونے والی بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو بھی نہیں پکڑ سکے، جب قوم حکمرانوں کو مسترد کردیتی ہے تو انہیں فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں بٹھا دیا جاتا ہے۔

اُن کا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ موجودہ حکمران نہ قوم کو صحت دے سکتے ہیں اور نہ کوئی سہولت، یہ مافیا عوام کو ریلیف نہیں بلکہ صرف عذاب دے سکتا ہے، حکمران عوام کو بجلی، پٹرول بم اور مہنگائی کا تحفہ دے رہے ہیں، جبکہ شہباز شریف کو صرف مہنگائی بڑھانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ظلم کے اس نظام کو بدلنا اور حکمرانوں کو ہٹانا ہوگا، ہمارے رکن قومی اسمبلی نے زینب کیس کے حوالے سے ظالموں کو سرعام پھانسی دینے کا بل پیش کیا، لیکن حکمرانوں نے امریکا کو راضی کرنے کے لیے اس بل سے جان چھڑا لی۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے کے آغاز پر کہا جاتا تھا کہ کارکن جلد چلے جائیں گے، لیکن آج لیاقت باغ بھرا ہوا ہے اور ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے جاری ہیں، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور چترال سمیت مختلف علاقوں میں عوام دھرنوں سے جڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پرامن جماعت ہے اور پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، ہم شخصیت یا خاندان پرستی کی سیاست نہیں کرتے، عوام کے مسائل حل کیے جائیں، بصورت دیگر لانگ مارچ کی کال پر حکمران حالات سنبھال نہیں سکیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے خبردار کیا کہ لانگ مارچ کی کال دی گئی تو چاروں اطراف سے عوام چیونٹیوں کی طرح اسلام آباد پہنچیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ اگر حکومت کا تختہ الٹنے کا اعلان کیا گیا تو حکمرانوں کو ایئرلفٹ بھی نہیں ملے گی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو ریلیف دیا جائے، لیوی ختم کی جائے اور روٹی و بجلی سستی کی جائے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...