حافظ نعیم الرحمان کی حکومت کو اسلام آباد مارچ کی دھمکی
لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے غریب عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈال رکھا ہے، حکومت اپنی شاہ خرچیاں کم کرنے کے بجائے بھتہ لیوی وصول کررہی ہے۔
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرانے کا فیصلہ کیا ہوا ہے، عالمی مارکیٹ کا بہانہ بنا کر پٹرولیم کی قیمتیں بڑھا رکھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کہتی ہے جہاں سے ہم تیل لیتے ہیں وہ یو اے ای کا تیل ہوتا ہے اور یو اے ای کا تیل 110 ڈالر فی بیرل مل رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہم کہتے ہیں قیمتیں اپنی جگہ، لیوی بھتہ کیوں لے رہے ہو؟ لیوی بھتے کا کچا چٹھا ہم نے حکومت اور میڈیا کے سامنے کھولا، یہ کہتے ہیں لیوی نہیں لیں گے تو حکومت کیسے چلائیں گے، انہوں نے عوام کو تباہ اور بوجھ تلے دبا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طالب علم، کسان، مزدور، اساتذہ سمیت کوئی بھی لیوی سے نہیں بچا، حکمران اپنی شاہ خرچیاں کم نہیں کرتے۔ پٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے، عوام کو لیوی کے بھتے کے بارے میں معلوم نہیں تھا، جماعت اسلامی نے لوگوں کو بتایا حکومت لیوی کے نام پر ڈاکہ مار رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پنجاب کے 11 ہزار سکول بیچ دیئے گئے ہیں، نویں کلاس میں 52 فیصد بچے فیل ہوئے، سرکاری سکول بیچ کر ابا جان کے نام پر سکول بنائے جارہے ہیں۔ نواز شریف کے نام سے چند سکولز بنا کر ڈرامے بازی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سائنسدان، ماہرین اور ٹاپ کے افراد سرکاری سکولوں میں پڑھتے تھے، آج معیاری تعلیم کے لیے کوئی بھی بچوں کو سرکاری سکولز میں نہیں پڑھاتے، شریف خاندان 40 سال سے حکومت میں ہے، پنجاب میں کسانوں کا برا حال ہے، زراعت، تعلیم اور سکول تباہ، یہ ہے ان کی کارکردگی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 26 دن کے دھرنوں نے سیاست کو تبدیل کردیا ہے۔ حکومت سے ہماری کمیٹی کے مذاکرات کے دو دور ہوئے ہیں، حکومت اپنے محکموں سے بات کرنے کے لیے بار بار وقت مانگتی ہے، حکومت کے پاس عملاً ہماری ٹیم کا کوئی جواب نہیں ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ لیاقت بلوچ نے بتایا حکومتی کمیٹی نے کچھ مہلت مانگی ہے، ہم نے کہا فیصلہ ہو چکا ہے، ہم نے اسلام آباد مارچ کرنا ہے، حکومت وقت مانگتی ہے، پہلے ہی 26 دن کا وقت دیا، مزید نہیں دے سکتے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک منظم جماعت ہے، یہ اپنی قیادت کے حکم پر پرامن بیٹھے ہیں، دھرنوں میں عوام کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے شرکاء سے سوال کیا کہ کیا آپ لوگ اسلام آباد کی کال کے لیے تیار ہیں؟ اتنے بڑے پیمانے پر نکلیں گے، ان کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے، آپ کا جذبہ دیکھ کر دل کررہا ہے ابھی اسلام آباد جانے کا اعلان کروں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کل پوری لیڈرشپ کی 3 بجے میٹنگ ہوگی، مشاورت کے لیے کل جماعت اسلامی ملک بھر سے قیادت کو منصورہ بلایا ہے، کل گوجرانوالہ کے جلسے میں لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کروں گا، کل تین بجے قیادت سے ملاقات میں حتمی تاریخ کا فیصلہ ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments