امریکی نقصانات سے متعلق سامنے آنے والی معلومات آئس برگ کا صرف سرا ہیں: عراقچی
تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ جاری جنگ کے دوران امریکی نقصانات سے متعلق مزید تفصیلات مناسب وقت پر سامنے لائے گا۔
عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر امریکی حکام کے اس تاثر کو مسترد کیا کہ ایران بے دفاع ہے، انہوں نے امریکی محکمہ دفاع کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سینکڑوں امریکی فوجی مقامات کو نقصان پہنچا یا تباہ کیا گیا جبکہ درجنوں طیارے متاثر ہوئے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے امریکی نقصانات سے متعلق سامنے آنے والی معلومات کو ’’آئس برگ کا صرف سرا‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران مناسب وقت پر مزید تفصیلات جاری کرے گا۔
امریکی محکمہ دفاع کے انسپکٹر جنرل کی 14 ستمبر کو جاری رپورٹ کے مطابق 30 جون 2026 تک ایرانی حملوں سے مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک میں امریکی فوجی اڈوں کی سیکڑوں عمارتوں اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچا یا وہ تباہ ہوئیں۔ رپورٹ میں امریکی طیاروں اور ڈرونز کو پہنچنے والے نقصانات اور ہتھیاروں کے ذخیرے میں کمی کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنگ کے دوران امریکی اخراجات 33.4 ارب ڈالر تک پہنچے، جبکہ امریکی فوج کی جانب سے تقریباً 22 ارب ڈالر مالیت کے ہتھیار استعمال کیے گئے۔
عراقچی نے امریکی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے بارے میں یہ تاثر درست نہیں کہ وہ بے دفاع ہے، جبکہ مزید نقصانات اور جنگ سے متعلق معلومات بعد میں سامنے لائی جائیں گی۔ ان کے بعض اضافی دعووں کی آزادانہ طور پر مکمل تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments