پیلوڑو سٹاپ پر ٹریلر اور بس میں تصادم، 5 افراد جاں بحق، 10 زخمی
تھرپارکر: (دنیا نیوز) پیلوڑو سٹاپ پر ٹریلر اور بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔
حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال مٹھی منتقل کر دیا گیا۔
افسوسناک حادثے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے سول ہسپتال مٹھی میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق حادثے کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
مراد علی شاہ نے انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو جائے حادثہ پر فوری امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کرنے کا حکم بھی دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے انتظامیہ کو ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی سخت ہدایت کی، ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments