موبائل سگنلز کی کمی سے پریشان صارفین کے لیے پی ٹی اے کی نئی تجویز
اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل سگنلز کی کمزوری کے باعث کالز میں مشکلات کا سامنا کرنے والے صارفین کو وائی فائی کالنگ کی سہولت استعمال کرنے کا مشورہ دے دیا۔
پی ٹی اے کے مطابق گھروں، دفاتر اور ایسی جگہوں پر جہاں موبائل نیٹ ورک کے سگنلز کمزور ہوں، وائی فائی کالنگ کے ذریعے رابطے کو آسان بنایا جاسکتا ہے، اس ٹیکنالوجی کے تحت روایتی موبائل نیٹ ورک کے بجائے وائی فائی انٹرنیٹ کنکشن استعمال کرتے ہوئے فون کالز کی جاسکتی ہیں، جس سے کمزور سگنلز والے مقامات پر صارفین کو سہولت مل سکتی ہے۔
اتھارٹی کا کہنا تھا کہ وائی فائی کالنگ سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ صارف کے موبائل فون میں یہ فیچر موجود ہو اور اس کا متعلقہ موبائل آپریٹر بھی یہ سروس فراہم کرتا ہو، اس کے علاوہ صارف کے لیے فعال وائی فائی انٹرنیٹ کنکشن سے منسلک ہونا بھی ضروری ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے موبائل فون کی سیٹنگز میں جاکر وائی فائی کالنگ کا آپشن تلاش کریں اور دستیاب ہونے کی صورت میں اسے فعال کردیں۔
فیچر آن کرنے اور وائی فائی نیٹ ورک سے منسلک ہونے کے بعد ایسے علاقوں میں بھی کالز کی جاسکتی ہیں جہاں موبائل سگنلز کمزور ہونے کے باعث رابطے میں دشواری پیش آتی ہے۔
اتھارٹی کے اس مشورے کا مقصد صارفین کو موبائل نیٹ ورک کی کمزور کوریج کے دوران رابطے کا متبادل ذریعہ فراہم کرنا ہے، تاہم، اس سہولت کی دستیابی کا انحصار موبائل فون کی مطابقت اور متعلقہ موبائل آپریٹر کی جانب سے سروس کی فراہمی پر ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments