سیاست میں تحمل، برداشت اور رواداری کا کلچر ناگزیز ہے: رانا ثنااللہ
لاہور: (دنیا نیوز) مشیر وزیراعظم رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ سیاست میں تحمل، برداشت اور رواداری کے عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، قومی یکجہتی اور باہمی احترام ہی پاکستان کو مضبوط بنانے کا راستہ ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم رانا ثنااللہ نے کہا کہ 14 اگست 1947 کو ہمارے آباؤ اجداد نے طویل جدوجہد اور لازوال قربانیوں کے بعد پاکستان تخلیق کیا، پاکستان کا قیام ایک تاریخی جدوجہد کا نتیجہ تھا، جس کے تحفظ اور استحکام کے لیے پوری قوم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پانچ ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے چھ کامیاب ایٹمی دھماکے کرکے اپنی دفاعی صلاحیت کا اظہار کیا۔
مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس وقت کے امریکی صدر بل کلنٹن نے متعدد مرتبہ فون کرکے پاکستان کو ایٹمی دھماکے کرنے سے روکنے کی کوشش کی، تاہم سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے قومی غیرت، خودمختاری اور ملکی دفاع کے تقاضوں کو مقدم رکھتے ہوئے ایٹمی دھماکے کرنے کا فیصلہ کیا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی قوت بننا ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے ایک اہم سنگ میل تھا، ان کے بقول غیر مسلم دنیا کسی مسلمان ملک کو ایٹمی طاقت کے طور پر دیکھنا نہیں چاہتی تھی، لیکن پاکستان نے اپنے دفاع اور تحفظ کے لیے یہ تاریخی فیصلہ کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ بھارت آج بھی جانتا ہے کہ وہ پاکستان کو ہراساں نہیں کرسکتا، انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت اب افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، تاہم پاکستان اپنی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
مشیر وزیراعظم نے معرکہ حق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 78 سالہ تاریخ میں پوری قوم نے اس کامیابی پر فخر محسوس کیا، یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پوری دنیا اور خود بھارت نے بھی پاکستان کی کامیابی اور اپنی شکست کو تسلیم کیا، معرکہ حق کی فتح نے پاکستانی عوام کا سر فخر سے بلند کردیا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، جو نہ صرف اپنا دفاع کرنا جانتا ہے بلکہ اپنے سے دگنے دشمن کو شکست دینے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے، یہ ایسا لمحہ تھا جب پاکستان کو دنیا بھر میں عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا گیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی اتحاد، سیاسی رواداری اور ملکی دفاع کے جذبے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان ترقی، استحکام اور خودمختاری کی راہ پر آگے بڑھ سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments