فلم انڈسٹری کی بحالی، فلم سٹی کے قیام اور پروڈیوسرز کی مالی معاونت پر غور

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطح کے وفد نے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے ملاقات کی، جس میں فلم انڈسٹری کی بحالی، فلم سٹی کے قیام اور فنکاروں کی معاونت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں امجد فرزند نے کی، وفد میں معروف اداکار شان شاہد، فلم ساز سید نور، چوہدری ذوالفقار، ٹی وی اینکر اور سینئر صحافی ذوالفقار راحت، احمد افتخار اور رانا نعیم شامل تھے۔

ملاقات میں فلم انڈسٹری سے متعلق قانون سازی، پروڈیوسرز کو مالی معاونت کی فراہمی اور مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے امور بھی زیر بحث آئے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے وفد کو پنجاب اسمبلی کی کارروائی کا مشاہدہ کروایا اور قانون سازی کے حوالے سے پنجاب حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ حکومت پنجاب فن و ثقافت، فنکاروں اور فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، فلم سٹی کا قیام حکومت کے فن و ثقافت کے فروغ کے وژن کا حصہ ہے جبکہ فلم پروڈیوسرز کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے فروغ اور فلمی صنعت کی بحالی میں بھرپور دلچسپی لے رہی ہیں۔

اس موقع پر وفد نے مطالبہ کیا کہ فلم سازی کے لیے مختص فنڈز میں پنجاب کے فلم پروڈیوسرز کو ترجیح دی جائے اور مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

وفد نے تجویز دی کہ پنجاب اسمبلی میں قانون سازی کے دوران فلم انڈسٹری اور فنکاروں کے مسائل کو خصوصی اہمیت دی جائے اور انڈسٹری سے وابستہ افراد کی تجاویز کو قانون سازی کا حصہ بنایا جائے۔

ملاقات میں حکومت، قانون ساز اداروں اور فلم انڈسٹری کے درمیان مؤثر رابطے اور باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...