بچوں کی صحت اور اعلیٰ تعلیم ہماری پہلی ترجیح ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا ہر قدم بچوں کی بھلائی، حفاظت اور خوشیوں کے لیے ہے، بچوں کی صحت اور اعلیٰ تعلیم حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

مریم نواز شریف نے ورلڈ چلڈرن ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا ہر بچہ ان کے لیے لختِ جگر ہے اور ہر بچے کا مستقبل، تحفظ اور خوشحالی ان کی ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے، جہاں بچے محفوظ ہوں، وہاں مستقبل روشن ہوتا ہے، چائلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے ذریعے ہزاروں بچوں کی زندگیاں بچائی گئی ہیں جبکہ ٹائپ ون ذیابیطس کے شکار بچوں کو ان کے گھروں تک انسولین کٹس پہنچائی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آٹسٹک بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے پاکستان میں خصوصی آٹزم سکول قائم کیے گئے ہیں جبکہ ننھے بچوں کی ابتدائی تعلیم کے لیے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف ارلی ایجوکیشن ہر ضلع میں قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی پروگرام کے ذریعے بچوں کی گمشدگی، استحصال اور دیگر خطرات سے متعلق کیسز جدید ترین نظام کے تحت حل کیے جا رہے ہیں، چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے سخت کریک ڈاؤن جاری ہے جبکہ بچوں کے خلاف تشدد اور سنگین جرائم کے خاتمے کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ غذائی قلت کے شکار بچوں کی مدد اور ان کی تعلیم کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے جنوبی پنجاب میں سکول میل پروگرام شروع کیا گیا ہے تاکہ بھوک کسی بچے کی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے، سرکاری سکولوں میں بچوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خصوصی بچوں کو مصنوعی اعضا، سماعت کے آلات اور وہیل چیئرز فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ بھی بہتر اور باوقار زندگی گزار سکیں۔

مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ کوئی بچہ محروم، لاچار یا نظر انداز دکھائی دے تو انہیں نیند نہیں آتی، جب تک ہر بچے کی آنکھوں میں خوبصورت مستقبل کی چمک نظر نہیں آتی، ان کی جدوجہد مکمل نہیں ہوگی۔

انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا ہر بچہ پڑھے گا، صحت مند ہوگا اور مسکرائے گا، کیونکہ ایک ماں اپنے بچوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...