جو پنجاب مجھے ملا تھا وہ جادو ٹونے سے چلتا تھا: مریم نواز
راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بکہا ہے کہ مریم نواز جو پنجاب مجھے ملا تھا وہ جادو ٹونے سے چلتا تھا اور گزشتہ حکومت میں پنجاب کو مؤکل چلا رہے تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ طلبہ کی کامیابی ان کے والدین کی محنت اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ ہونہار اسکالرشپ سے طلبہ کو تعلیمی سہولت ملے گی جبکہ لیپ ٹاپ ڈیجیٹل تعلیم میں مددگار ثابت ہوں گے۔ نوجوانوں پر سرمایہ کاری ہی ملک کا مستقبل ہے اور ہر بچے کو تعلیم کا حق دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ تعلیم کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کا ہاتھ تھامتی ہے۔ وزارت اعلیٰ کی ذمہ داریاں سنبھالے انہیں ایک ہزار دن ہوچکے ہیں۔ عوام کی مدد کے بغیر ترقیاتی کاموں کا آغاز ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم تھا کہ وقت کم ہے، اس لیے پہلے دن سے کام شروع کردیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں ستھرا پنجاب پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ پنجاب ترقی میں دیگر صوبوں سے آگے ہے اور دوسرے صوبے پنجاب کے منصوبے اپنا رہے ہیں۔ پنجاب تمام صوبوں میں ٹرینڈ میکر بن چکا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبے کی سڑکوں پر 1100 گرین الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں، جبکہ صرف راولپنڈی میں 80 الیکٹرک بسیں آچکی ہیں۔ گرین الیکٹرک بس کا کرایہ صرف 20 روپے ہے۔ آئندہ دو سال میں 5 ہزار بسیں چلانے کا ہدف ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت 5 لاکھ گھر بنائے جائیں گے۔ پورے پنجاب میں 50 ہزار کلومیٹر نئی سڑکیں بنائی گئی ہیں جبکہ ساہیوال میں کارڈیالوجی کا بہترین اسپتال بنایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم کا اعزاز ملنے پر مبارکباد دی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اور افواج پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments