جاپان اور چین نے امریکا کی نئی ٹیرف تجویز کو افسوسناک قرار دیدیا

ٹوکیو: (دنیا نیوز) جاپان اور چین نے بھی امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیش کردہ نئی ٹیرف تجویز کو انتہائی افسوس ناک قرار دے دیا ہے۔

جاپان کے چیف کیبنٹ سیکرٹری منورو کیہارا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکا کی جانب سے نئی ٹیرف تجویز انتہائی افسوسناک ہے۔

منورو کیہارا نے کہا کہ گزشتہ سال کے معاہدے میں طے شدہ حد سے زیادہ اضافی ٹیرف عائد نہیں کیے جا سکتے، دوطرفہ معاہدے پر مستقل عمل درآمد یقینی بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ معاہدے کے تحت امریکا میں جاپانی سرمایہ کاری کی شرط پر ٹیرف کی حد 15 فیصد مقرر کی گئی تھی۔

چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ٹیرف اور تجارتی جنگ کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں، تمام معاملات کو بات چیت اور باہمی مشاورت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ چین اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا، اضافی پیداواری صلاحیت کو سیاسی جوڑ توڑ اور تجارتی دباؤ ڈالنے کا بہانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

چینی وزارت خارجہ نے امریکی اقدامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چینی حکومت چینی کمپنیوں کے خلاف امریکہ کے کریک ڈاؤن کی سخت مخالفت کرتی ہے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے چین، یورپی یونین سمیت 14 بڑے تجارتی شراکت داروں کی درآمدی مصنوعات پر نئے ٹیکس عائد کرنے کی تجویز پیش کردی ہے، جس کے تحت چینی مصنوعات پر 20 فیصد اضافی ٹیرف عائد کیا جائے گا۔

مجوزہ منصوبے کے تحت چین، یورپی یونین، جاپان، جنوبی کوریا، بھارت، تائیوان اور دیگر تجارتی شراکت داروں کی مصنوعات کو نئے درآمدی ٹیکسوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

امریکی حکام کے مطابق چینی مصنوعات پر 20 فیصد اضافی ٹیرف عائد کرنے کی تجویز ہے، جو پہلے سے نافذ بعض محصولات کے علاوہ ہوگا، تاہم نئے محصولات کا نفاذ عوامی مشاورت اور سماعت کے مراحل مکمل ہونے کے بعد متوقع ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...