بلوچستان میں پی سی ایس امتحانات کے مواقع بڑھانے کا فیصلہ
کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے امتحانی نظام میں جامع اصلاحات کا فیصلہ کرتے ہوئے پی سی ایس امتحانات میں شرکت کے مواقع 3 سے بڑھا کر 6 کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
امتحانات کے لیے صوبے میں مقامی سطح پر مراکز قائم کرنے اور مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک سروس کمیشن میں اصلاحات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، شفافیت یقینی بنانے اور امتحانی مراحل کو تیز رفتار بنانے کے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں روایتی ہاتھ سے لکھے جانے والے امتحانی پرچوں کی جگہ کمپیوٹرائزڈ امتحانی نظام متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پی سی ایس کے مقابلے کے امتحانات ٹوفل اور جی آر ای کے جدید امتحانی معیار کے مطابق منعقد کیے جائیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو مقابلے کے امتحانات میں آگے بڑھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے، اگر صوبے کا کوئی نوجوان محنت کرکے خود کو امتحان کے لیے تیار کرتا ہے تو اسے قواعد کے ذریعے مواقع سے محروم کیوں رکھا جائے؟
انہوں نے واضح کیا کہ پی سی ایس امتحانات میں نوجوانوں کو اب تین کے بجائے چھ مرتبہ شرکت کا موقع ملے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل اور باصلاحیت امیدواروں کو صوبائی انتظامیہ کا حصہ بننے کا موقع مل سکے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ پی سی ایس کے ذریعے منتخب ہونے والے افسران صوبائی انتظامیہ کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور حکومت انتظامی ڈھانچے میں زیادہ اہل، باصلاحیت اور جدت پسند افسران لانا چاہتی ہے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے پبلک سروس کمیشن کو ہدایت کی کہ امتحان کے انعقاد سے نتائج کے اعلان تک تمام مراحل زیادہ سے زیادہ تین ماہ میں مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ محنت کرنے والے نوجوانوں کو امتحانی نتائج کے لیے مہینوں انتظار نہیں کرنا پڑے گا، امتحانی نظام کو جدید، شفاف، تیز رفتار اور پیپر لیس بنانے کے لیے جامع اصلاحات کی جائیں گی۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ میرٹ کی بالادستی، شفاف انتخابی عمل اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے نوجوانوں کا ریاستی اداروں پر اعتماد مضبوط بنایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments