آزاد کشمیر اسمبلی: کالعدم مشترکہ عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکراتی کی بحالی پر آمادگی کا اظہار
مظفرآباد (محمد اسلم میر) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے کالعدم مشترکہ عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کی بحالی پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے مسلح گروہوں کے خاتمے، سنگین جرائم میں مبینہ طور پر ملوث افراد کو قانون کے حوالے کرنے اور آئینی و جمہوری طریقہ کار اپنانے کی شرط عائد کر دی ہے۔
ایوان نے تمام دھرنے اور غیر قانونی احتجاج ختم کرنے، شاہراہیں کھولنے اور ریاستی اداروں، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں، پاکستان اور تحریک آزادی مقبوضہ کشمیر کے خلاف مبینہ ریاست مخالف بیانیے پر ایکشن کمیٹی کی قیادت سے عوامی معافی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
سپیکر قانون ساز اسمبلی چودھری طارق فاروق کی زیر صدارت اسمبلی اجلاس میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی، جس میں کہا گیا کہ حکومت 1974ء کے عبوری آئین اور متعلقہ قوانین کے تحت بامعنی سیاسی مذاکرات کے لئے تیار ہے تاہم قانون کی حکمرانی، آئین کی بالا دستی اور ریاستی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
قرارداد میں مذاکرات کی ناکامی کی ذمہ داری کالعدم ایکشن کمیٹی کی قیادت پر عائد کرتے ہوئے الزام لگایا گیا کہ حکومتی رعایتوں کے باوجود کالعدم ایکشن کمیٹی نے غیر آئینی مطالبات کئے، ایوان نے مسلح گروہوں، شاہراہوں کی بندش، سرکاری اداروں پر حملوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر تشدد کی بھی مذمت کی۔
قانون ساز اسمبلی میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق جون میں شروع ہونے والی بدامنی کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 34 اہلکار شہید اور 248 زخمی ہوئے۔ ایوان نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا۔
قرارداد میں پرامن احتجاج اور سیاسی اختلاف کو شہریوں کا بنیادی حق قرار دیتے ہوئے واضح کیا گیا کہ ان کے حقوق کی آڑ میں تشدد، املاک کو نقصان پہنچانے اور شہریوں کی نقل و حرکت روکنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، حکومت کو امن و امان اور شہریوں کے تحفظ کے لیے آئینی حدود میں ضروری قانونی کارروائی کا اختیار بھی دیا گیا۔
ایوان نے تحریک آزادی کشمیر میں پونچھ کے عوام کی تاریخی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سیاسی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور آئینی راستہ اختیار کرنے پر بھی زور دیا۔
قرارداد ڈپٹی سپیکر محمد احمد رضا قادری، وزیر جنگلات وقار احمد نور، وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، وزیر تعلیم عمیر نعیم، وزیر توانائی و آبی وسائل ثاقب مجید راجہ اور رکن اسمبلی چودھری محمد اسماعیل نے مشترکہ طور پر پیش کی جبکہ وزیر جنگلات وقار احمد نور نے اسے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں پڑھ کر سنایا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments