امارات میں کرسمس اور سالِ نو کی تیاریاں عروج پر، سیاحوں کیلئے خصوصی انتظامات

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں کرسمس اور نئے سال کی تقریبات کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں جاری ہیں، جبکہ دبئی میں دسمبر کے دوران عالمی سیاحوں اور مختلف مذاہب و ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے رہائشیوں کے لیے متعدد خصوصی تفریحی پروگراموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

دبئی فیسٹیول سٹی میں یکم دسمبر 2026 سے 10 جنوری 2027 تک 41 روزہ عظیم الشان ونٹر فیسٹیول منعقد ہوگا، جہاں تقریباً 18 ہزار 800 مربع میٹر رقبے پر موسم سرما کی مناسبت سے خصوصی تفریحی ماحول تشکیل دیا جائے گا، فیسٹیول میں ہر گھنٹے مصنوعی برف باری، کرسمس ٹری کی روشنیوں، موسیقی اور روزانہ تین خصوصی پریڈز سمیت مختلف سرگرمیوں کا انتظام کیا جائے گا۔

دبئی کے معروف سیاحتی مقام مدینۃ جمیرہ میں 4 سے 27 دسمبر تک کرسمس مارکیٹ کا انعقاد ہوگا، جس میں 36 فٹ بلند کرسمس ٹری، روشنیوں اور موسیقی کے خصوصی شوز، روایتی کشتیوں کی سیر، بچوں کے تفریحی پروگرام اور مختلف بین الاقوامی ثقافتوں سے وابستہ مصنوعات کے اسٹالز شامل ہوں گے۔

انتظامیہ کے مطابق کرسمس مارکیٹ میں عوام کا داخلہ مفت ہوگا، ایکسپو سٹی دبئی میں بھی 11 سے 31 دسمبر تک ونٹر سٹی کے نام سے خصوصی تقریبات کی تیاریاں کی جارہی ہیں، جہاں بچوں اور خاندانوں کے لیے بین الاقوامی تفریحی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق دبئی میں کرسمس کی تقریبات کے ساتھ ہی 4 دسمبر سے 45 روزہ دبئی شاپنگ فیسٹیول کے 32ویں ایڈیشن کا بھی آغاز ہوگا، جو 17 جنوری 2027 تک جاری رہے گا، امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق فیسٹیول میں عالمی فنکاروں کی پرفارمنس، روشنیوں کے شوز، خصوصی خریداری آفرز، انعامات اور خاندانی تفریحی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔

کرسمس، نئے سال اور شاپنگ فیسٹیول کی تقریبات ایک ہی عرصے میں منعقد ہونے سے دبئی کے سیاحتی، ہوٹل، ریٹیل اور تفریحی شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

متحدہ عرب امارات میں مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والی کمیونٹیز کے لیے مذہبی رواداری، باہمی احترام اور پُرامن بقائے باہمی کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ کرسمس کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات بھی امارات کے کثیرالثقافتی معاشرے کی عکاسی کرتی ہیں۔ دبئی میں 24 اور 25 دسمبر کو کرسمس کی خصوصی تقریبات جبکہ 31 دسمبر کو نئے سال کی آمد کے حوالے سے تفریحی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

ان تقریبات کے ذریعے دبئی ایک مرتبہ پھر عالمی سیاحت، ثقافتی ہم آہنگی، خاندانی تفریح اور بین الاقوامی مہمان نوازی کے ممتاز مرکز کی حیثیت سے دنیا بھر کی توجہ حاصل کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...