نیپال کی سیلاب میں لاپتا 213 بھارتی شہریوں کو باضابطہ مردہ قرار دینے کی تیاری

کھٹمنڈو: (ویب ڈیسک) نیپال کی حکومت نے اگست میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد لاپتا ہونے والے 213 بھارتی شہریوں کو قانونی کارروائی مکمل ہونے پر باضابطہ طور پر مردہ قرار دینے کا فیصلہ کر لیا، جبکہ بھارتی سفارتخانے نے متاثرہ خاندانوں سے لاپتا افراد کی جاری کردہ فہرست کا جائزہ لینے اور کسی بھی اعتراض یا تصحیح کی درخواست 2 دسمبر 2026ء تک جمع کروانے کی اپیل کی ہے۔

نیپال کی نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی آر آر ایم اے) نے لاپتا بھارتی شہریوں کی فہرست عوام کے سامنے جاری کر دی ہے، حکام نے متاثرہ خاندانوں کو فہرست میں ناموں کے اضافے، اخراج یا کوائف میں کسی بھی قسم کی درستگی کیلئے اعتراضات اور درخواستیں جمع کرانے کا موقع دیا ہے۔

کھٹمنڈو میں قائم بھارتی سفارتخانے کے مطابق مقررہ مدت میں موصول ہونے والی تجاویز اور اعتراضات کا جائزہ لینے کے بعد نیپالی حکومت حتمی فہرست جاری کرے گی اور ان افراد کی اموات کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

بھارتی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ اموات کے اعلان کے بعد متعلقہ نیپالی مقامی حکام سے لاپتا بھارتی شہریوں کے ڈیتھ سرٹیفکیٹس حاصل کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا، اس دوران متاثرہ خاندانوں سے مزید معلومات اور ضروری دستاویزات بھی طلب کی جا سکتی ہیں، جبکہ سفارتخانہ آئندہ دنوں میں اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ 26 اگست کو نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے نتیجے میں ایک ہزار 400 سے زائد افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ غیر ملکی شہریوں سمیت 5 ہزار سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں، سیلاب کے باعث بھوٹے کوشی اور تریشولی دریاؤں کے کنارے بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا، جبکہ تقریباً ایک درجن پن بجلی منصوبے بھی متاثر ہوئے۔

نیپال کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 12 ممالک کے سفارتی مشنز کے ذریعے 452 لاپتا غیر ملکی شہریوں کے مصدقہ کوائف موصول ہوئے ہیں، ان میں 213 بھارتی، 85 چینی، 69 امریکی، 32 برطانوی، 27 کینیڈین، 9 سنگاپوری، 6 جنوبی افریقی، 4 فرانسیسی، جبکہ ہنگری، بیلجیئم اور قازقستان کے 2، 2 شہری شامل ہیں، اس فہرست میں بیلاروس کا ایک شہری بھی شامل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...