امارات میں منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام، ایشیائی ڈرائیور گرفتار
ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے ایک زمینی سرحدی راستے پر کسٹمز حکام نے ٹرک کے ٹریلر میں خصوصی طور پر تیار کردہ خفیہ خانے میں چھپائی گئی 24 کلوگرام سے زائد منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایشیائی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔
وفاقی ادارہ برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سکیورٹی (آئی سی پی) کے مطابق کسٹمز انسپکٹرز نے بدھ کے روز گاڑی کی تلاشی کے دوران ٹریلر کے فریم میں چھپائے گئے پلاسٹک کے 28 پیکٹ برآمد کیے، جن میں تقریباً 24.2 کلوگرام منشیات موجود تھیں۔ برآمد ہونے والی منشیات میں کرسٹل میتھ اور چرس شامل ہیں۔
حکام کے مطابق ملزم نے کسٹمز کی جدید اسکریننگ مشینوں اور منشیات کا سراغ لگانے والے تربیت یافتہ کتوں سے بچنے کیلئے ٹرک کے ٹریلر کے فریم میں باقاعدہ خفیہ خانہ تیار کر رکھا تھا، جس میں منشیات کو انتہائی احتیاط سے بند کرکے چھپایا گیا تھا۔ تاہم معائنے کے دوران انسپکٹرز کو ٹریلر کے فریم میں غیر معمولی اور پیشہ ورانہ انداز میں تیار کی گئی جگہ پر شبہ ہوا، جس کے بعد جدید اسکیننگ آلات کی مدد سے تفصیلی جانچ کی گئی تو منشیات کا پتا چل گیا۔
آئی سی پی کے مطابق واقعے کے بعد ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ برآمد ہونے والی تمام منشیات قبضے میں لے لی گئی ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی متحدہ عرب امارات کے زمینی، فضائی اور بحری سرحدی راستوں پر تعینات عملے کی مستعدی اور جدید نگرانی کے نظام کی مؤثریت کا ثبوت ہے۔
حکام کے مطابق ملک میں منشیات کی اسمگلنگ روکنے کیلئے تربیت یافتہ عملے، جدید ٹیکنالوجی، بہتر تلاشی کے طریقہ کار اور ممکنہ خطرات کی پیشگی نشاندہی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ معاشرے کو منشیات کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
واضح رہے کہ رواں سال متحدہ عرب امارات میں منشیات اسمگلنگ کی متعدد کوششیں ناکام بنائی جا چکی ہیں، 30 ستمبر کو ایک زمینی سرحدی راستے پر گاڑی کے ٹائر میں چھپائی گئی 16.2 کلوگرام کرسٹل میتھ برآمد کی گئی تھی، جبکہ 5 اکتوبر کو نیشنل اینٹی نارکوٹکس ایجنسی اور آئی سی پی نے انکشاف کیا تھا کہ دو ماہ سے بھی کم عرصے میں ملک کے ہوائی اڈوں کے ذریعے ٹرانزٹ میں 300 کلوگرام سے زائد منشیات اسمگل کرنے کی 14 کوششیں ناکام بنائی گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments