شارجہ اولڈ کارز کلب نے قطر میں لگژری گاڑیوں کا عالمی ایوارڈ جیت لیا

شارجہ: (سید مدثر خوشنود) شارجہ اولڈ کارز کلب اینڈ میوزیم نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقدہ ساتویں قطر لگژری اولڈ کارز نمائش میں ایک اور علاقائی اعزاز اپنے نام کر لیا، کلب کی 1993ء ماڈل کی اطالوی لیمبورگینی ڈیابلو نے ’’بہترین غیر معمولی لگژری کار‘‘ کا ایوارڈ جیتا۔

دوحہ میں منعقد ہونے والی اس خصوصی نمائش میں خطے کی 70 سے زائد نایاب اور قیمتی کلاسک گاڑیوں نے حصہ لیا، جن کا جائزہ فیڈریشن انٹرنیشنل ڈیس وہیکولز اینشینز (FIVA) سے وابستہ ماہرین کی کمیٹی نے لیا، ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب میں قطر اولڈ کارز ایسوسی ایشن کے بورڈ ممبر شیخ محمد بن فیصل آل ثانی نے نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والوں میں اعزازات تقسیم کیے۔

شارجہ اولڈ کارز کلب کو قطر اولڈ کارز ایسوسی ایشن کی جانب سے باضابطہ دعوت پر نمائش میں شرکت کا موقع ملا، جہاں کلب کے پویلین میں تین نایاب کلاسک اور اسپورٹس گاڑیاں پیش کی گئیں۔،ان میں ایوارڈ جیتنے والی 1993 ماڈل لیمبورگینی ڈیابلو، جرمنی کی 1993ء ماڈل پورشے 964 ٹربو اور امریکا کی 1977ء ماڈل کرسلر نیو یارکر شامل تھیں، جو مختلف ادوار کی آٹوموبائل تاریخ اور ڈیزائن کی عکاسی کرتی ہیں۔

شارجہ اولڈ کارز میوزیم کے ڈائریکٹر احمد سیف بن ہندال نے کہا کہ یہ کامیابی کلب کی علاقائی سطح پر شناخت مضبوط بنانے اور کلاسک گاڑیوں کے ورثے کو محفوظ رکھنے کی کوششوں کا اعتراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز خلیج تعاون کونسل کے ممالک میں قائم خصوصی کلبوں کے درمیان مضبوط تعلقات اور باہمی تعاون کا بھی مظہر ہے۔

احمد سیف بن ہندال نے نمائش کے کامیاب انعقاد اور مہمان نوازی پر قطر اولڈ کارز ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات تجربات کے تبادلے، میوزیم کے منفرد ذخیرے کو متعارف کرانے اور سال بھر جاری رہنے والی سرگرمیوں، بالخصوص شارجہ اولڈ کارز فیسٹیول کے فروغ کیلئے اہم پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی شارجہ اولڈ کارز کلب اینڈ میوزیم کو خطے میں آٹوموبائل تاریخ کے تحفظ اور کلاسک گاڑیوں کے شوقین افراد کے درمیان ثقافتی روابط کے فروغ کے حوالے سے مزید نمایاں مقام دلائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...