34 ممالک اور یورپی یونین کا روس سے آنسو گیس کا استعمال روکنے کا مطالبہ

دی ہیگ: (دنیا نیوز) 34 ممالک اور یورپی یونین نے روس سے یوکرین جنگ کے دوران آنسو گیس اور دیگر ہنگامہ آرائی روکنے والے کیمیائی مادوں کا استعمال فوری بند کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کی عالمی تنظیم (او پی سی ڈبلیو) نے یوکرین کے ایک مورچے سے حاصل کیے گئے نمونوں میں آنسو گیس کی موجودگی کی تصدیق کر دی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ مشترکہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یوکرین نے او پی سی ڈبلیو کے 193 رکن ممالک کو ایک تحقیقاتی رپورٹ پیش کی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2022ء سے اب تک روسی افواج نے یوکرینی محاذ پر زہریلے کیمیائی مادوں اور آنسو گیس سے بھرے ہتھیاروں کے استعمال کے 14 ہزار سے زائد واقعات ریکارڈ کیے ہیں۔

یوکرین کی رپورٹ میں ستمبر 2024ء کے ایک واقعے کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس میں مبینہ طور پر روسی ڈرون نے یوکرینی فوجیوں کے زیر استعمال مورچے میں آنسو گیس کا گرینیڈ گرایا تھا۔ اس واقعے کے بعد حاصل کیے گئے نمونوں کا تجزیہ او پی سی ڈبلیو سے منظور شدہ تجربہ گاہوں میں کیا گیا، جہاں ان میں سی ایس (CS) نامی کیمیائی مادے کی موجودگی کی تصدیق ہوئی، یہ مادہ آنسو گیس کی ایک قسم ہے اور جنگی کارروائیوں میں اس کا استعمال کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن کے تحت ممنوع ہے۔

برطانیہ، فرانس، جرمنی، جاپان، نیوزی لینڈ اور یورپی یونین سمیت 34 ممالک کے نمائندوں نے مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ یوکرین میں زہریلے کیمیائی مادوں اور ہنگامہ آرائی روکنے والے ایجنٹس کا جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال فوری بند کیا جائے۔

بیان میں ذمہ داروں کی نشاندہی اور انہیں جوابدہ بنانے کیلئے او پی سی ڈبلیو کے متعلقہ طریقہ کار کے تحت اقدامات کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

دوسری جانب روس ماضی میں غیر قانونی ہتھیاروں کے استعمال کے الزامات کی تردید کرتا رہا ہے اور اس نے یوکرین پر بھی ایسے مادوں کے استعمال کے الزامات عائد کیے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...