سابق آسٹریلوی کرکٹر بریٹ لی کا دبئی میں مستقل سکونت اختیار کرنے کا اعلان

دبئی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باؤلر بریٹ لی نے دبئی میں مستقل سکونت اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام قم بریٹ لی نے اس اہم فیصلے سے اپنے مداحوں کو آگاہ کیا جہاں انہوں نے دبئی منتقل ہونے کی وجوہات اور اپنے تجربات کا تفصیل سے ذکر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتداء میں کام کے سلسلے میں کئے جانے والے چند دورے وقت کے ساتھ ساتھ بڑے مواقع میں تبدیل ہوگئے جس کے بعد دبئی کو اپنا نیا گھر بنانے کا فیصلہ کیا، دبئی اب ان کی زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے جہاں نہ صرف پیشہ ورانہ مواقع موجود ہیں بلکہ ایک متوازن اور پُرسکون طرزِ زندگی بھی میسر ہے۔

سابق فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ دبئی میں انہیں بہترین لوگ، نئے مواقع اور خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع ملا ہے۔

دبئی شہر کے ماحول کو بے حد متاثر کن قرار دیتے ہوئے بریٹ لی نے کہا کہ یہاں کی توانائی اور ترقی کا جذبہ انسان کو آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے، دبئی ایک ایسی جگہ ہے جہاں ہر لمحہ کچھ نیا کرنے اور سیکھنے کا احساس ہوتا ہے۔

بریٹ لی نے خاص طور پر اپنے بچوں کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بچے دبئی میں تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، یہاں کے سکول اعلیٰ معیار کے ہیں اور کھیلوں کی سہولیات ہر جگہ دستیاب ہیں جو بچوں کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، خاندان کیلئے یہ ماحول نہایت موزوں ثابت ہو رہا ہے۔

انہوں نے آسٹریلیا سے اپنی وابستگی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ انہیں ہمیشہ اپنے وطن کو گھر کہنے پر فخر رہے گا۔

بریٹ لی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں گزاری گئی زندگی اور یادیں ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہیں گی اور وہ کبھی تبدیل نہیں ہو سکتیں تاہم بریٹ لی کا کہنا تھا کہ دبئی میں کچھ خاص بات ہے، یہاں کا ماحول اور مثبت توانائی انسان کو یہ احساس دلاتی ہے کہ یہاں کچھ بھی ممکن ہے، اور یہی چیز انہیں اس شہر سے خاص طور پر جوڑے ہوئے ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں