بھارت کیخلاف بھی میچ نارمل ہوگا ہم اسی طرح کھیلیں گے: صاحبزادہ فرحان
کولمبو: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ اتوار کو بھارت کے خلاف بھی ایک نارمل میچ ہوگا اور ہم اسی طرح کھیلیں گے۔
صاحبزادہ فرحان نے امریکا کو شکست دینے کے بعد کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پچ اچھی تھی، 190 رنز کرنا بڑی بات تھی۔
اوپننگ بلے باز کا کہنا تھا کہ جب رنز کرتے ہیں تو اس سے اعتماد ملتا ہے، پانچ چھ ماہ سے مسلسل اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، بھارت کے خلاف میچ میں دو میچز کی جیت کا اعتماد لے کر جائیں گے۔
صاحبزادہ فرحان کا مزید کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں بھی پاکستان ٹیم بھارت کے خلاف لڑ کر میچ ہاری، اتوار کو یہ ایک نارمل میچ ہوگا اور ہم اسی طرح کھیلیں گے۔
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اپنے ابتدائی دونوں میچ جیت چکا ہے جبکہ پاکستان اگلا میچ اتوار کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔