پنک بس سروس کے نئے روٹس کا افتتاح، 2 ماہ مفت سروس کا اعلان

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پنک بس سروس کے 2 نئے روٹس کا افتتاح کردیا گیا۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے پنک بس سروس کے دو نئے روٹس متعارف کرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنک بس سروس کی پذیرائی پوری دنیا سے ہوئی، غیرملکی میڈیا نے پاکستان آکر کوریج کی، ہم نے پہلی بار خواتین کے لیے بس سروس شروع کی۔

شرجیل میمن نے دوماہ کے لیے خواتین کےلیے پنک بس سروس میں سفرمفت کرنے کا اعلان کردیا، دوماہ میں خواتین کوکرایہ نہیں دینا پڑے گا، پنک بس میں صرف خواتین ہی سفر کرسکتی ہیں، خواتین کو ڈرائیونگ کا موقع بھی دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کم سے کم کرایہ دے کر ایئر کنڈیشنز بسز میں سفر کرسکتی ہیں، پوری دنیا میں خواتین کے لیے ایسا ٹرانسپورٹ کا نظام نہیں، میرپور خاص میں بھی پیپلزبس سروس شروع کی، تمام بسز میں خواتین کے لیے جگہ مخصوص ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور نے کہا کہ پنک بس سروس سے خواتین کو بہت سہولت ہے، عام بسز میں خواتین کا مخصوص حصہ بہت چھوٹا ہوتا ہے، رش کے باعث خواتین کو سفر میں مشکلات ہوتی ہیں۔

فریال تالپور نے کہا کہ تھرپارکر میں خواتین ٹرک ڈرائیورز ہیں، خواتین اور مرد سب کام کریں گے تو معاشی بہتری آئے گی، عوام کو باعزت ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں