پاکستان علماء کونسل کا 10 مئی کو ’’یوم استحکام پاکستان‘‘ منانے کا اعلان

فیصل آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ تمام مکاتب فکر سے مشورے کے بعد 10 مئی کو یوم استحکام پاکستان کا دن منایا جائے گا۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ساکھ مضبوط کرنے کی بات ہوگی، آج سے ایک سال قبل 9 مئی کو جو ہوا ایسا 76 سال میں کبھی نہیں ہوا۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود عدالت سے فیصلے نہیں ہوئے، بے گناہ کو بے گناہ قرار دیا جائے اور گناہ گار کو سزا دی جائے، 9 مئی کو جو ہوا نہ اس پر کوئی معافی آئی نہ کچھ کہا گیا، نوجوان نسل کا مستقبل تباہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جو نوجوان جیلوں میں ہیں ان کو اس انتہا تک پہنچانے والا کون تھا اسے سامنے آنا چاہئے، یہ تحقیق ہونی چاہئے اس کا کردار کون ہے؟ فوج اور قوم کے درمیان نفرت پھیلانے والا کون ہے؟ قوم اور فوج کو لڑانے کی سازش کی گئی تھی۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہاکہ جو مہم فوج کے خلاف چلائی گئی اور جو آج بھی چل رہی ہے ان کے ذمہ دار کون ہیں؟ سیاست ریاست سے بالا تر ہو تو وہ تخریب کاری ہوتی ہے سیاست نہیں ہوتی، بڑے بڑے سیاست دان جیلوں میں گئے ہم بھی گئے ہیں مگر کبھی ایسی سیاست نہیں ہوئی۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ عدلیہ سے سوال ہے اگر یہ کام علماء کی طرف سے ہوا ہوتا تو کیا انہیں بھی معافی ہوجاتی؟ پاکستان مثبت سمت چل پڑا ہے، دوست ممالک انویسٹمنٹ کیلئے آگے بڑھ چکے ہیں، سیاسی استحکام کیلئے سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر ہونا چاہئے، 9 مئی کے سانحہ پر اگر سزائیں ملیں گی تو پھر ایسا واقعہ نہیں ہوگا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں