ہم افواہوں کا پیچھا نہیں کرتے، گورنر سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ مشاورت سے ہوگا: خالد مقبول
کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم افواہوں کا پیچھا نہیں کرتے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ گورنر ایم کیو ایم کا ہے، گورنر سندھ کے حوالے سے اگر فیصلہ ہونا ہے تو ایم کیو ایم سے مشاورت کے بغیر نہیں ہوگا، عمران خان یا کسی سے بھی مذاکرات کیلئے جانا چاہئے یہی واحد راستہ ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا کامیاب ہوگیا ہے اور مزید بجلی مہنگی ہوگئی ہے، یہ واحد دھرنا تھا بجلی مزید مہنگی کروا کر ختم ہوا۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین کروڑ سے زائد نفوس کا یہ شہر اگر گن لیا جائے تو یہ دنیا کا سب سے بڑا شہر ہے، سب جانتے ہیں پورا ہندوستان اُجڑا تھا تو کراچی آباد ہوا تھا، جنہوں نے پاکستان بنایا تھا ان کی اولادیں ہی اس ملک کو بچا اور چلا سکتی ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے علاوہ اس ملک کے پاس اور کوئی آپشن نہیں بچا ہے، اس شہر کی دیواروں کو رنگین تو کئی بار کیا گیا مگر اسے سرسبز بنانے کی کوشش کبھی نہیں کی گئی، قومی شجر کاری ایم کیو ایم کی ہمت اور ہمدردوں کے تعاون کا نتیجہ ہے۔