190 ملین پاؤنڈز کیس: عمران خان، اہلیہ کیخلاف مقدمے کی سماعت 17 اگست تک ملتوی

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس کی سماعت 17 اگست تک ملتوی کر دی۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ریفرنس کی سماعت کی، نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر آج پانچویں مرتبہ بھی جرح نہ ہو سکی۔

اس موقع پر وکلا صفائی کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ عدالت نے نیب کی بورڈ میٹنگ سے متعلق جو ہماری درخواست خارج کر دی ہے اس کی مصدقہ نقول ہمیں فراہم نہیں کی گئی، اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہمارے متعدد کیسز لگے ہیں لہٰذا سماعت ملتوی کی جائے۔

بعد ازاں عدالت نے وکلا صفائی کو گزشتہ سماعت کے آرڈر کی مصدقہ کاپی فراہم کرنے کی درخواست منظور کر لی۔

سماعت کے دوران بشریٰ بی بی روسٹرم پر آگئیں، انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نیب نے نئے توشہ خانہ کیس میں مجھے سوال نامہ دیا تھا لیکن جیل حکام میرے کمرے سے سارے کاغذات اٹھا کر لے گئے ہیں، میں نیب کے سوال نامے کا جواب تیار کر رہی تھی، نیب والے پھر کہتے ہیں یہ شامل تفتیش نہیں ہو رہے۔

بعدازاں عدالت نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو نیب کے کاغذات بشریٰ بی بی کو واپس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں