ملک میں سیاسی استحکام نہ ہو تو بلوچستان جیسے واقعات رونما ہوتے ہیں: شاہد خاقان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام نہ ہو تو بلوچستان جیسے واقعات رونما ہوتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج ملک میں کاروبار رک گیا ہے،سب پریشان ہیں، سیاسی استحکام کےعلاوہ کوئی اورراستہ نہیں ہے، ڈرہے 2013 والی صورتحال میں واپس نہ چلے جائیں، 2013 میں روزانہ دھماکے ہوتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کیا ملک کا سب سےبڑا مسئلہ ججز کی ریٹائرمنٹ کی عمر کو بڑھانا ہے؟ ججز کی ریٹائرمنٹ کی عمر کو بڑھانے سے پاکستان کو کچھ نہیں ملے گا، ججزخود اس قانون کورد کریں گے، کسی کو ذاتی فائدہ پہنچانے سے ملک کا نقصان ہوتا ہے، ملک کی ترقی کا واحد راستہ آئین کا راستہ ہے۔

سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں سب سے پہلے سیاسی عدم استحکام کوختم کرنا ہوگا، موجودہ مسائل کا حل سیاسی جماعتوں کو ڈھونڈنا چاہیے، آج ہمیں اپنے اختلافات بھلا کرسیاسی استحکام کی کوشش کرنی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں