بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، مزید 2 اموات، تعداد 42 تک جا پہنچی

کوئٹہ: (ثمن اسماعیل) بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، مزید 2 افراد سیلاب کی زد میں آکر جان کی بازی ہار گئے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق خضدار، ژوب اور کیچ سے ہے، یکم جولائی سے ابتک جاں بحق افراد کی تعداد 42 ہو گئی ہے، اموات مون سون کی بارشوں کے دوران سیلابی ریلوں میں بہہ جانے، آسمانی بجلی اور چھتیں گرنے سے ہوئی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین اور 24 بچے بھی شامل ہیں، موسلا دھار بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 19 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، زخمیوں میں ایک خاتون اور 13 بچے شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں یکم جولائی سے اب تک ایک لاکھ 68 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، طوفانی بارشوں سے 1591 مکانات مکمل منہدم جبکہ 15 ہزار 7 سو سے زائد مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سیلابی صورتحال سے 59791 ایکڑ پر فصلیں اور 179 کلو میٹر سڑکیں متاثر ہوئی ہیں، طوفانی بارشوں کے باعث 7 پلوں کو نقصان پہنچا، صوبے میں بارشوں کے دوران 593 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں