حکومت سپریم کورٹ میں اپنی مرضی کے ججز لگانا چاہتی ہے: حافظ نعیم الرحمان

کراچی: (دنیانیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کاکہنا ہے کہ موجودہ حکومت سپریم کورٹ میں اپنی مرضی کے ججز لگانا چاہتی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کو ججز کی عمر سے متعلق بڑے واضح الفاظ میں اپنا مؤقف دینا چاہیے تھا، جب ججز کے بارے میں پتہ چلے کہ یہ اس کا آدمی ہے وہ اس کا آدمی ہے تو عوام کہاں جائے گی۔

حافظ نعیم  نے کہا کہ امید کرتا ہوں چیف جسٹس سامنے آئیں گے اور کہیں گے کہ میری ایکسٹینشن میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، اس حکومت کو عدالتی معاملہ چھیڑنا ہی نہیں چاہیے، آئین ایک ایسا ڈاکیومنٹ ہے جس پر عوام متفق ہے، موجودہ حالات کے تناظر میں یہ بل ملک کیلئے خطرناک بات ہوگی۔

حافظ نعیم الرحمان کاکہنا تھا کہ سلمان اکرم راجہ کے بیان پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتا ہوں، فوج اور عوام کے سامنے آنے کا بہت بڑا مسئلہ ہے، رحیم یار خان میں حملے میں 12پولیس اہلکار شہید ہوئے، کے پی کے جنوبی اضلاع میں پولیس نے تھانوں کا بائیکاٹ کیا، حکومت کی ذمہ داری ہے سب کو ایک پیج پر لے کر آئے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگ جماعت اسلامی میں شامل ہورہے ہیں، جماعت اسلامی ملک بھر میں مقبول ہورہی ہے، لوگوں کو ڈرایا اور دھمکایا جارہاہے، مہنگائی بڑھ رہی ہے اور بےروزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ انڈسٹریز بند ہورہی ہیں اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں