شیر افضل مروت کو کسی بھی مقدمے میں بغیر اجازت گرفتار نہ کرنے کا حکم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو کسی بھی مقدمے میں بغیر اجازت گرفتار کرنے سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے شیر افضل مروت کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا، شیر افضل مروت نے وکلاء عادل عزیز قاضی اور ریاست علی آزاد کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
عدالت نے شیر افضل مروت کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد، آئی جی پنجاب اور ایف آئی اے کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے فریقین کو درخواست پر پیراوائز کمنٹس جمع کرانے کا بھی حکم دے دیا اور درخواستگزار کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔
عدالت عالیہ نے حکمنامے میں کہا کہ شیر افضل مروت کو کسی خفیہ مقدمے میں گرفتاری کا خدشہ ہے، شیر افضل مروت کو عدالت کی اجازت کے بغیر کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔