خیبرپختونخوا کے فنڈز کو ذاتی تشہیر کیلئے استعمال کرنا شرمناک ہے: عظمیٰ بخاری
لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے فنڈز کو اپنے ذاتی فوٹو سیشن اور تشہیر کے لیے استعمال کرنا شرمناک ہے۔
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کس حیثیت سے لوگوں میں چیک تقسیم کر رہی ہیں؟ موصوفہ کہتی ہیں میں بھاگی نہیں اکیلی کھڑی رہی، بھاگنے میں تو آپ نے ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بشری بی بی خیبرپختونخوا سے جو لاکھوں کا لشکر لے کر آئی تھیں وہ کہاں گیا یہ بھی قوم کو بتائیں؟ 5 اکتوبر کے فیڈریشن پر حملے پر کے پی سرکار کا 81 کروڑ روپے خرچہ آیا، 24 نومبر کی تیسری ناکام بغاوت پر اطلاعات کے مطابق 2 ارب سے زائد خرچ ہوئے ہیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کی رات ساڑھے 10 بجے بشریٰ بی بی کو ڈی چوک سے بھاگتے ہوئے پوری قوم نے دیکھا، پورا میڈیا گواہ ہے رات سوا گیارہ بجے تک ڈی چوک کلیئر تھا، بشریٰ بی بی خود کلثوم پلازہ سے آگے نہیں گئیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ان کے اپنے ورکرز نے بشریٰ بی بی کے فرار ہونے پر ان کی گاڑی پر پتھر اور ڈنڈے مارے تھے، ان کے اپنے ورکرز نے انکی گاڑی کے ٹائر پنکچر کیے، وہ سی سی ٹی وی فوٹیج موجود جس میں بشریٰ بی بی گاڑی تبدیل کرکے بھاگیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی سرکاری مال پر عیاشی کر رہی ہیں لیکن عدالت بلائے تو بیمار ہو جاتی ہیں، دس سماعتوں سے بشریٰ بی بی گرفتاری کے خوف سے عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں۔