لاہور سمیت ملک بھر میں آج سے تیز ہواؤں کیساتھ بارش کی پیشگوئی

لاہور: (سامیا سعید) محکمہ موسمیات نے آج 8 دسمبر سے لاہور سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج 8 دسمبر سے ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر متوقع ہے، اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور، فیصل آباد میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔

مری، گلیات اور گر دو نواح میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے جبکہ چترال، دیر، سوات اور مالاکنڈ، میں بارش جبکہ  پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہے گا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 10 اور اسکردو میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 7 جبکہ زیادہ سے زیادہ 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر لاہور میں ہوا کی رفتار 14 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد تک جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور آج پھر دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا، باغوں کے شہر لاہور میں فضائی آلودگی کی اوسط شرح 250 تک جا پہنچی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں