جناح ہسپتال کے سربراہ کی تعیناتی کیلئے توہین عدالت کر سکتا ہوں: وزیر اعلیٰ سندھ
کراچی :(دنیا نیوز) سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جناح ہسپتال بغیر کسی سربراہ کے چل رہا ہے لہٰذا وہ خود ہی اس کا سربراہ مقرر کردیں گے چاہے توہین عدالت ہو جائے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پیر تک یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو وہ خود ہی جناح ہسپتال کا سربراہ تعینات کرکے توہین عدالت کے مرتکب ہوجائیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ جناح اسپتال بڑا ہسپتال ہے اور یہ بغیر سربراہ کے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالت نے سربراہ کو اس لیے نکالا کہ ان کے مطابق وہ ڈیپوٹیشن پر تھے۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً 2 ماہ ہوچکے ہیں اور کیس ہے کہ عدالت میں چلے ہی جا رہا ہے اب اگر پیر تک مسئلہ حل نہ ہوا تو میں خود ہی فیصلہ کرلوں گا۔