کُرم کے وفود کو امن کا راستہ بتایا تو اگلے دن فسادات شروع ہو گئے: فضل الرحمان

پشاور :(دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کُرم کے وفود کو امن کا راستہ بتایا تو اگلے دن فسادات شروع ہو گئے۔

پشاور کے نشتر ہال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کی جمہوریت اور پارلیمانی سیاست معیاری نہیں، ہمیں پیغام دیا جاتا ہے کہ آپ کون ہوتے ہیں کُرم مسئلے کو ٹھنڈا کرنے والے؟

انہوں نے کہا کب تک آپ معاشرے کو غلط فہمی کا شکار کرتے رہیں گے، میرے پاس بھی دونوں فریقین کی طرف سے وفود آئے تھے، ہم نے ان کے لیے راستہ بنایا تو اگلے دن فسادات شروع ہوتے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی ف کا کہنا تھا کہ پرسوں ایک سفیر میرے پاس آئے انہوں نے بہت سی باتوں میں کُرم کا ذکر بھی کیا، میں نے کہا کہ آپ یہ سننا چاہتے ہیں کہ یہ شیعہ سنی فساد ہے، ہمیں پتہ ہے کہ مسئلے کا حل کیا ہو سکتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دو ہفتوں سے میری سرگرمیاں معطل تھیں، آج سے دوبارہ مصروفیات کا آغاز کر رہا ہوں، پاکستان کو اسلامی ریاست بنانے میں ہمارے اکابرین کا پارلیمانی کردار رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ حالات بدلتے رہتے ہیں، ہمیں حالات کے مطابق چلنا پڑتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں