ڈی-8 رکن ممالک کے اعلیٰ سطحی وفد کا تاریخی پونچھ ہاؤس میں استقبال

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ڈی-8 رکن ممالک کے اعلیٰ سطحی وفد کا تاریخی پونچھ ہاؤس میں پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر بسنت کی رنگا رنگ ثقافتی تقریب کے دوران ڈی-8 غیر رسمی ریٹریٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکرٹری جنرل ڈی-8 سہیل محمود کی سربراہی میں پاکستانی اور بین الاقوامی وفود نے شرکت کی۔

ڈی-8 مندوبین میں بنگلہ دیش، مصر، ایران، انڈونیشیا، ملائیشیا، نائجیریا، ترکی اور آذربائیجان کے نمائندے شامل تھے، تقریب میں صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی سمیت دیگر ملکی و غیر ملکی وفود بھی موجود تھے۔

تقریب کے دوران پنجاب کی صدیوں پر محیط ثقافتی روایات کو اجاگر کیا گیا، جہاں روایتی پتنگ بازی، لوک رنگ اور مقامی کھانوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا، ڈی-8 مندوبین نے پنجاب کے ثقافتی حسن، مہمان نوازی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ و فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

دو روزہ قیام کے دوران وفد نے واہگہ بارڈر، شالامار باغ، مزارِ اقبال، بادشاہی مسجد، حضوری باغ اور شاہی قلعہ کا دورہ کیا، ان دوروں کے موقع پر مندوبین کو مقامات کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفد کے اراکین نے پنجاب کی مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، دورے کے اختتام پر مندوبین نے باہمی خیرسگالی اور دوستانہ تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی-8 رکن ممالک کے درمیان ثقافتی روابط، اقتصادی تعاون اور عوامی سطح پر اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں