سابق چیف جسٹس غلام مصطفیٰ مغل آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر مقرر
مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر کیلئے سابق چیف جسٹس مصطفیٰ مغل کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کی سمری پر شہباز شریف (وزیر اعظم پاکستان) اور چیئرمین کشمیر کونسل نے دستخط کر دیے، جس کے بعد وزارتِ امورِ کشمیر کے ذریعے یہ سمری صدر آزاد کشمیر کے دفتر کو ارسال کر دی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے وزیر اعظم کو تین نام بھیجے گئے تھے۔
جسٹس (ریٹائرڈ) غلام مصطفیٰ مغل نے طویل عدالتی خدمات انجام دی ہیں۔ وہ 30 جنوری 2002ء کو آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے، 4 جنوری 2010ء کو ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بنے اور 30 مارچ 2017ء کو آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔ انہوں نے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں اہم اور تاریخی فیصلوں کے ذریعے عدلیہ میں نمایاں پہچان حاصل کی۔
18 فروری 2016ء میں انہیں آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا، جہاں ان کی زیر نگرانی شفاف اور غیرجانبدار انتخابات کرائے گئے۔ غلام مصطفیٰ مغل نے عدالتی اصلاحات، انصاف تک عوامی رسائی اور وکلا و عدلیہ کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
وہ 25 دسمبر 1955ء کو مظفرآباد کے گاؤں بلگران میں پیدا ہوئے اور اسلامیہ کالج مظفرآباد و پنجاب یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔ 1980ء کی دہائی میں وکالت سے اپنے عملی کیریئر کا آغاز کیا۔