کراچی تباہ ہو چکا مگر بلاول بھٹو میئر کی کارکردگی سے خوش ہیں، منعم ظفر خان

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ شہر کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے لیکن اس کے باوجود بلاول بھٹو میئر کی کارکردگی سے مطمئن نظر آتے ہیں۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی میں پانی کی شدید قلت ہے اور گزشتہ 18 سال میں شہر میں کچرا اٹھانے کا مؤثر نظام بھی قائم نہیں کیا جا سکا، اس کے باوجود بلاول بھٹو اپنی ٹیم سے مطمئن ہیں اور وزیراعلیٰ سندھ کو شاباش دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں قبضہ میئر کو عوام پر مسلط کیا گیا ہے، مسئلہ جیالے میئر کا نہیں بلکہ جعلی میئر کا ہے، ان کے بقول جن لوگوں نے انہیں مسلط کیا وہ بھی اب پریشان ہیں، 18ویں ترمیم کے بعد کراچی کے تمام اداروں پر قبضہ کر لیا گیا ہے اور وہ اس صورتحال پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ عید کے بعد شہری حقوق کے لیے عوام کو احتجاج کی کال دی جائے گی، گزشتہ 15 سال میں پیپلز پارٹی کراچی کے تین ہزار 360 ارب روپے ہڑپ کر چکی ہے، 18 سال گزرنے کے باوجود شہر کے پانی میں ایک بوند اضافہ کیوں نہیں ہوا اور کے فور منصوبہ اب تک کیوں مکمل نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو فوری طور پر 5 ہزار بسوں کی ضرورت ہے لیکن سندھ حکومت صرف پانچ ڈبل ڈیکر بسیں لا کر تشہیر کر رہی ہے، شہر میں جرائم اور ٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہوا ہے، رواں سال موبائل چھیننے کے واقعات میں 15 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ ٹرالر اور ڈمپرز بھی شہریوں کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں