وزیرِ اعظم اور سعودی ولی عہد کا رابطہ، پاکستان کی سفارتی کاوشوں بارے آگاہ کیا

اسلام آباد :(دنیا نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔

پی ایم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق  محمد شہباز شریف نے آج دوپہر مملکتِ سعودی عرب کے ولی عہد  شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفون پر گفتگو کی جس میں  دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے جاری حملوں کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور آج سعودی عرب میں الجبیل آئل فسیلیٹی پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ انہوں نے ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہمیشہ اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، جس طرح سعودی قیادت اور عوام نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

شہبا زشریف نے موجودہ کشیدگی کے دوران سعودی قیادت کی جانب سے تحمل اور دانشمندی کے مظاہرے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ مل کر امن کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے بھی ولی عہد کو آگاہ اور خادم الحرمین الشریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں اور پرتپاک سلام کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں