لبنانی وزیراعظم نے پاکستان سے اسرائیلی حملوں کیخلاف تعاون مانگ لیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) لبنان نے اسرائیل کے حملوں کو فوری ختم کروانے پر پاکستان سے تعاون مانگ لیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور لبنان کے وزیراعظم نواف سلام کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی جاری جارحیت کی شدید مذمت کی اور لبنان میں ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی امن کےلیے مخلصانہ کوششوں میں مصروف ہے۔ اسی جذبے کے تحت ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق لبنانی وزیراعظم نے وزیراعظم شہبازشریف کی امن کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا، لبنان کے وزیراعظم نے لبنان اور اس کے عوام پر حملوں کو فوری ختم کرنے کےلیے پاکستان سے تعاون طلب کیا۔

خیال رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کروانے کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو سراہا گیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں