محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ، تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تعمیر کثیر منزلہ ہاسٹل کے جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تعمیر کثیر منزلہ ہاسٹل کے جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور ہاسٹل میں قائم ماڈل روم بھی دیکھا، انہوں نے ماڈل روم کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت جاری کی۔

محسن نقوی نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کے منصوبے کو 31 مئی تک مکمل کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ رواں برس سے افسران کی ایلیٹ ٹریننگ صوبوں کے بجائے نیشنل پولیس اکیڈمی میں کرائی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے اکیڈمی میں سولر سسٹم کی تنصیب اور موجودہ عمارت کی تزئین و آرائش کے لیے بھی ہدایات جاری کیں جبکہ آئی ٹی سہولیات سے آراستہ جدید تربیت کے لیے تین نئے کلاس رومز بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

انہوں نے ڈرون، نائٹ ویژن اور جدید اسلحہ کے ذریعے تربیت فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پروموشنل کورسز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور سروس ڈلیوری پر خصوصی توجہ دی جائے۔

محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں جدید ڈرائیونگ سکول کے قیام کی ہدایت بھی کی جہاں افسران کو جدید ڈرائیونگ اور کار چیز کی تربیت دی جائے گی، انہوں نے تفتیشی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے کرائم سین رومز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر داخلہ نے اکیڈمی میں پیڈل ٹینس کورٹس کے قیام کی ہدایت دی اور سپورٹس کمپلیکس، جم اور سوئمنگ پول کا بھی معائنہ کیا، اس موقع پر سپورٹس کمپلیکس کو جدید بنیادوں پر اپ گریڈ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔

مزید برآں، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی سعد اختر بھروانہ نے وفاقی وزیر داخلہ کو مختلف منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں