صدرِ مملکت، وزیراعظم اور دیگر رہنماؤں نے نماز عید کہاں ادا کی؟

لاہور: (دنیا نیوز) نماز عید کے اجتماعات میں سیاسی رہنما بھی شریک ہوئے ، وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں نماز عید ادا کی۔

مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور شریف فیملی کے دیگر افراد نے جاتی امراء میں نماز عید ادا کی ، نواز شریف نے اپنے والدین کی قبروں پر حاضری دی ، انہوں نے اپنی اہلیہ، والدین اور بھائی کی قبروں پر پھول رکھے۔

دوسری جانب آصف علی زرداری نے عیدالاضحیٰ کی نماز زرداری ہاؤس نواب شاہ میں ادا کی، جہاں ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، نمازِ عید کے بعد صدرِ مملکت نے شہریوں اور عمائدین سے عید ملی، جبکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر زرداری ہاؤس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ، صوبائی وزیر علی حسن زرداری، ضیاء الحسن لنجار اور عاشق حسین زرداری نے بھی زرداری ہاؤس میں نمازِ عید ادا کی۔

میئر نواب شاہ رشید بھٹی، ڈپٹی میئر مبشر آرائیں، منتخب نمائندوں اور اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی نمازِ عید کے اجتماع میں شرکت کی۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے باغ ناران حیات آباد پشاور میں نمازِعید ادا کی ، نماز کی ادائیگی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کوامن، استحکام اورخوشحالی عطا فرمائے۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے آبائی گاؤں کوکار ڈی آئی خان میں نمازِ عید ادا کی ، نمازِ عید کے بعد گورنر نمازیوں میں گھل مل گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں