لاہور سمیت پنجاب بھر میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی، الرٹ جاری
لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں گرد آلود ہواؤں اور بارش برسانے والا کمزور سسٹم موجود ہے، جبکہ گزشتہ روز ہونے والی بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت آج 26 ڈگری ریکارڈ ہوا ہے اور یہ زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، آج بھی لاہور اور پنجاب بھر میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر میں آندھی، بارشوں اور ژالہ باری سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آج پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، لیہ، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، گجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، خوشاب، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان، کوٹ ادو اور منڈی بہاالدین میں بھی بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ اور گردونواح میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، لاہور میں ممکنہ بارش کے پیشِ نظر واسا نے آپریشنل سٹاف کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت جاری کی ہیں، شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر ہرگز نہ جائیں، گرد و غبار اور تیز آندھی کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہیں، کسان اپنی تمام تر پیشگی اقدامات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں، سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔