چاند نظر آگیا، پاکستان میں یکم صفر المظفر 16 جولائی کو ہوگی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ 1448 ہجری کے ماہِ صفر المظفر کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد یکم صفر المظفر 16 جولائی 2026 بروز جمعرات کو ہوگی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق ماہِ صفر کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے کوہسار کمپلیکس، اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں زونل رویت ہلال کمیٹی اسلام آباد کے ارکان نے شرکت کی۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے بیشتر علاقوں میں مطلع صاف جبکہ چند مقامات پر ابر آلود تھا۔ ملک کے مختلف حصوں سے ماہِ صفر کے چاند کی رویت کی مستند شہادتیں موصول ہوئیں، جن میں نوکنڈی، سندھ اور دیگر علاقوں کی شہادتیں شامل تھیں۔

انہوں نے کہا کہ موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم صفر المظفر 1448 ہجری، 16 جولائی 2026 بروز جمعرات ہوگی۔

اجلاس کے اختتام پر عالمِ اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی، خوشحالی، قومی اتحاد، مقبوضہ کشمیر اور غزہ و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں رابطہ کاری کے فرائض وزارتِ مذہبی امور کے ڈائریکٹر حافظ عبدالقدوس اور ڈاکٹر شاہد الرحمان مارتھ نے انجام دیے، جبکہ فنی معاونت کے لیے محکمہ موسمیات کے ڈاکٹر حسن علی بیگ، سپارکو کے شوکت اللہ خان اور وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے جوائنٹ سیکرٹری زین العابدین بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...