آزاد کشمیر الیکشن: ن لیگ کا مہاجرین نشستوں پر انتخابی مہم کا جائزہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر کی مہاجرین کی نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی انتخابی مہم کے حوالے سے مرکزی رہنماؤں کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔
اجلاس کی صدارت خواجہ سعد رفیق نے کی، جس میں سینئر پارلیمینٹیرین طاہرہ اورنگزیب، سینیٹر انوشہ رحمان، مسلم لیگ (ن) ضلع راولپنڈی کے صدر ملک ابرار، راجہ جاوید اخلاص، حاجی پرویز، سردار نسیم اور دیگر رہنماؤں سمیت پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان میں کشمیری مہاجرین کی نشستوں پر پارٹی کی جاری انتخابی مہم کا جائزہ لیا گیا، جبکہ رہنماؤں نے اپنے اپنے علاقوں میں رابطوں اور انتخابی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی۔
خواجہ سعد رفیق نے اجلاس کو وزیرآباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، گجرات اور جہلم کے دوروں اور عوامی رابطوں سے آگاہ کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام اپنے ووٹ سے کھوکھلے نعروں اور کارکردگی کے درمیان فرق واضح کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا مظفرآباد میں جلسہ کشمیری عوام کی امنگوں اور مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار تھا۔
انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی نمائندگی دراصل مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی نمائندگی ہے، اجلاس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی محنت مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کی صورت میں سامنے آئے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments