آزاد کشمیر بورڈ میرپور کے میٹرک نتائج جاری، طالبات سبقت لے گئیں
مظفرآباد: ( محمد اسلم میر) آزاد جموں و کشمیر تعلیمی بورڈ میرپور نے میٹرک (سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ پارٹ ٹو) سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا ۔
آزاد کشمیر بورڈ کے تنائج کے مطابق طالبات نے سب سے زیادہ پوزیشنز حاصل کیں، مختلف گروپس کے ٹاپ پوزیشن ہولڈرز کے نتائج کے مطابق طالبات نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سائنس اور جنرل گروپس میں نمایاں برتری حاصل کی ہے۔
سائنس گروپ طالبات میں تین طالبات نے 1200 میں سے 1184 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پیس ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ سہنسہ ضلع کوٹلی کی سمیعہ چوہدری، ریڈ فاؤنڈیشن کالج میرپور کی امامہ مزمل اور ریڈ فاؤنڈیشن ہائی سکول سنگر بٹھارہ ضلع باغ کی مہروش نعیم عباسی نے 1184 نمبر حاصل کیے۔
اسی گروپ میں مخزارا شاہد اور نتالیہ محبوب نے 1183 نمبر حاصل کرکے مشترکہ دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ وردہ امجد، ادیبہ ظہیر، مومنہ شاہد، ثنا اعجاز اور ایمن اعجاز نے 1182 نمبر حاصل کرکے مشترکہ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سائنس گروپ طلبہ میں گورنمنٹ ہائی سکول گوراہ ضلع سدھنوتی کے عبداللہ ریاض نے 1178 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ریڈ فاؤنڈیشن ہائی سکول دھیرکوٹ
ضلع باغ کے احمد طاہر راجہ اور ریڈ فاؤنڈیشن سکول بگنامظفرآباد کے سرمد حفیظ اعوان نے 1176 نمبر کے ساتھ مشترکہ دوسری جبکہ اسی سکول کے راجہ حسن علی نے 1175 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
جنرل گروپ طالبات میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مکھیا لہ، ضلع باغ کی فریال عمران نے 1127 نمبر کے ساتھ پہلی، کشمیر پبلک سکول پھگواڑی ضلع کوٹلی کی امامہ فاطمہ نے 1110 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ رائل ماڈل سکول بھمبر کی امریں مظہر نے 1108 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
جنرل گروپ طلبہ میں ضلع باغ کے پرائیویٹ امیدوار عبداللہ مسعود توحیدی نے 1117 نمبر کے ساتھ پہلی گورنمنٹ پائلٹ ہائی سکول باغ کے محمد ایان نے 1110 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ ضلع باغ کے پرائیویٹ امیدوار محمد اریب خان نے 1102 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
بورڈ کے جاری کردہ نتائج کے مطابق مجموعی طور پر سائنس گروپ کی ٹاپ پوزیشنز میں طالبات کا نمایاں غلبہ رہا جبکہ جنرل گروپ میں بھی طالبات نے تینوں اعلیٰ پوزیشنیں حاصل کرکے اپنی شاندار تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پوزیشن ہولڈر
سمیعہ چودھری جس نے 1184 نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی ، سمیعہ چودھری نے بتایا کہ کامیابی اللہ تعالیٰ کے فضل، والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کو امتحان کی تیاری آخری دنوں تک مؤخر کرنے کے بجائے روزانہ کی بنیاد پر پڑھائی کا معمول بنانا چاہیے۔
امامہ مزمل جس نے مشترکہ پہلی پوزیشن لیکر1184 نمبر لئے۔امامہ مزمل نے کہا کہ پہلی پوزیشن حاصل کرنا ان کے لیے انتہائی خوشی اور اعزاز کا لمحہ ہے۔
انہوں نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ والدین اور اساتذہ کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ مسلسل محنت اور وقت کی بہتر تقسیم کامیابی کی بنیادی وجہ بنی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں اپنی پسند کے شعبے میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے نمایاں مقام حاصل کرنا چاہتی ہیں۔
مہروش نعیم عباسی جنہوں نے مشترکہ پہلی پوزیشن 1184 نمبرات لیکر حاصل کی ۔ مہووش کا کہنا تھا کہانہوں نے امتحان کی تیاری کے دوران باقاعدگی سے پڑھائی پر توجہ دی اور مشکل مضامین کو زیادہ وقت دیا۔
ان کے مطابق پوزیشن حاصل کرنا ان کے لیے غیر معمولی خوشی کا باعث ہے، انہوں نے طلبہ کو پیغام دیا کہ کامیابی کے لیے محنت، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کو اپنا شعار بنائیں۔
عبداللہ ریاض جنہوں نے سائنس گروپ طلبہ میں پہلی پوزیشن1178 نمبرات لیکر حاصل کی ،عبداللہ ریاض نے کہا کہ پہلی پوزیشن ان کے لیے باعث فخر ہے اور وہ اس کامیابی کو اپنے والدین اور اساتذہ کی محنت کا نتیجہ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے اپنے علاقے اور ملک کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
فریال عمران جنہوں نے جنرل گروپ طالبات میں پہلی پوزیشن 1127 نمبرات لیکر حاصل کی، فریال عمران نے کہا کہ انہیں اپنی پوزیشن کا علم ہوا تو خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی۔
انہوں نے کہا کہ طالبات کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے بھرپور مواقع ملنے چاہئیں۔ ان کے مطابق کامیابی کے لیے محنت کے ساتھ اپنے مقصد پر یقین رکھنا بھی ضروری ہے۔
عبداللہ مسعود توحیدی جنہوں نے 1117 نمبر لے کرجنرل گروپ طلبہ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، انہوں نے کہا کہ بطور پرائیویٹ امیدوار پہلی پوزیشن حاصل کرنا ان کے لیے خاص اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ مناسب رہنمائی اور مسلسل محنت کے ذریعے نجی امیدوار بھی نمایاں نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے اپنی کامیابی پر والدین اور اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments