راولپنڈی سے لاہور جانے والی مسافر ٹرین پٹری سے اتر گئی
لاہور: (دنیا نیوز) جہلم کے قریب کالا گجراں ریلوے اسٹیشن پر راولپنڈی سے لاہور جانے والی مسافر ٹرین راول ایکسپریس پٹری سے اتر گئی، تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق راول ایکسپریس رات ساڑھے 12 بجے راولپنڈی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی تھی، ٹرین جب جہلم کے قریب کالا گجراں اسٹیشن پہنچی تو بریک فیل ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ٹرین کا انجن اور 3 بوگیاں متاثر ہوئی ہیں، تاہم مسافروں میں سے کسی کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد متعلقہ عملے نے صورتحال کا جائزہ لینا شروع کردیا، جبکہ متاثرہ ٹرین کی بحالی اور ریل ٹریک کو معمول کے مطابق کھولنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
حادثے کے باعث ٹرین سروس کے معمول کے شیڈول کے متاثر ہونے کا امکان ہے، تاہم ریلوے حکام کی جانب سے مزید تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments