صاف توانائی کے اہداف کیلئے پاکستان کو 188 ارب ڈالر درکار ہیں، شہباز شریف

انطالیہ: (دنیا نیوز) ترکیے کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی 31ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ترقی پذیر ممالک پر موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اپنے وعدے پورے کرنے پر زور دیا ہے.

’2035 تک گرین انرجی پر منتقلی: مستقبل کو توانائی فراہم کرنا‘ کے عنوان سے منعقدہ اجلاس میں وزیراعظم نے صاف توانائی کی جانب منتقلی کے لیے پاکستان کا لائحہ عمل پیش کیا اور موسمیاتی اہداف کے حصول کے لیے بین الاقوامی مالی معاونت میں اضافے اور سستی ٹیکنالوجی کی فراہمی پر زور دیا۔

شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان کے مجموعی توانائی نظام میں صاف توانائی کے ذرائع کا حصہ تقریباً 55 فیصد ہو چکا ہے، انہوں نے کہا کہ انطالیہ روانگی سے قبل انہوں نے پاکستان کے ساتویں جوہری بجلی گھر کے ایک اہم حصے کا افتتاح کیا، جو قومی گرڈ میں 1200 میگاواٹ صاف بجلی شامل کرے گا۔

وزیراعظم کے مطابق حال ہی میں متعارف کرائی گئی آٹو پالیسی کے تحت 2030 تک نئی گاڑیوں میں سے 30 فیصد کو الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے کم ٹیرف سمیت مختلف مراعات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں حکومت کی جانب سے خریدی جانے والی تمام بسیں اور موٹر سائیکلیں الیکٹرک ہوں گی جبکہ رواں سال پاکستان میں فروخت ہونے والی ہر 10 موٹر سائیکلوں میں سے ایک سے زائد الیکٹرک موٹر سائیکلیں ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ گرین انرجی کی جانب منتقلی کا عمل تیزی سے جاری ہے، تاہم مطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے مسلسل مالی معاونت ناگزیر ہے، پاکستان کو 2035 تک کم کاربن اخراج والے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کے لیے تقریباً 138 ارب ڈالر درکار ہیں، جبکہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں کی جگہ شمسی توانائی کے استعمال کے لیے مزید 50 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی ترسیل کے نیٹ ورک کو وسعت دینے، توانائی ذخیرہ کرنے کے قابل اعتماد نظام قائم کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کو قابل برداشت بنانے کے لیے بھاری سرمایہ کاری درکار ہے، جس کا بوجھ قرضوں میں جکڑی معیشت تنہا برداشت نہیں کر سکتی۔

وزیراعظم نے عالمی شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ رعایتی شرائط پر مالی معاونت فراہم کریں اور سستی ٹیکنالوجی کی منتقلی میں سہولت دیں، ان کا کہنا تھا کہ صاف توانائی کے بلند اہداف صرف اجتماعی کوششوں اور بروقت مالی معاونت سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2035 تک 35 فیصد کا ہدف اسی صورت حاصل ہو سکتا ہے جب رعایتی سرمایہ اور سستی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے مالی وسائل فراہم کیے جائیں۔ عالمی برادری کو ایسا ترقیاتی ماڈل اپنانا چاہیے جو اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ میں توازن قائم رکھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ممالک کو اپنے عوام کی توانائی ضروریات پوری کرنے اور معیشتوں کو ترقی دینے کے قابل ہونا چاہیے، تاہم اس عمل میں کرہ ارض کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صاف توانائی کی جانب منتقلی کے وعدوں کو اجتماعی عزم اور عملی اقدامات کے ذریعے پورا کرنا ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...