لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید تین روز کی توسیع، اجتماع پر پابندی برقرار
لاہور: (دنیا نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ضلع لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید تین روز کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، پابندی 26 نومبر سے 29 نومبر تک برقرار رہے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی امن و امان اور حساس سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع لاہور میں پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، جلوس نکالنے اور غیر قانونی اجتماعات کے لیے لوگوں کو اکسانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
تاہم شادی بیاہ کی تقریبات، نمازِ جنازہ، تدفین اور عبادت گاہوں میں نماز کی ادائیگی کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح سرکاری و نیم سرکاری امور کی انجام دہی اور عدالتی کارروائی بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا ہے کہ حساس سکیورٹی اطلاعات کے پیش نظر دفعہ 144 میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دفعہ 144 کی پابندی پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور امن و امان کے قیام کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments