سندھ میں ترقی، سرمایہ کاری اور امن و امان کی بہتری ترجیح ہے: مراد علی شاہ
کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے 105 سے زائد شرکاء نے ملاقات کی، ورکشاپ کی قیادت میجر جنرل محمد رضا کر رہے ہیں، شرکاء میں 25 خواتین بھی شامل تھیں۔
ملاقات میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، سردار علی شاہ، جام خان شورو، ضیاء الحسن لنجار اور ذوالفقار شاہ سمیت چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکرٹری داخلہ اقبال میمن، آئی جی پولیس جاوید اوڈھو اور دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ملاقات میں صوبے کی ترقی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کراچی کو ملک کا ترقی پسند، معاشی طور پر متحرک اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والا شہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، کراچی میں روزگار اور کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کراچی پسماندہ ہوتا تو لوگ یہاں آ کر کیوں آباد ہوتے؟ سیاسی مخالفین شہر کے بارے میں منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دنیا کے خطرناک ترین شہروں کی فہرست میں کراچی کی درجہ بندی 2013 کے چھٹے نمبر سے بہتر ہو کر 138ویں نمبر پر آگئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ تھر کول سے بجلی کی پیداوار، شاہراہ بھٹو اور انفراسٹرکچر کی بہتری سندھ حکومت کی بڑی کامیابیاں ہیں، کراچی میں سائبر نائف کے ذریعے کینسر کا مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ این آئی سی وی ڈی میں دل کے امراض کے علاج کی وسیع سہولیات موجود ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ عالمی ڈونر اداروں کو سندھ حکومت پر اعتماد ہے اور وہ ترقیاتی منصوبوں میں ہمارے ساتھ شراکت داری کر رہے ہیں، سابقہ حکومتیں جو منصوبے مکمل نہ کر سکیں، پیپلز پارٹی حکومت نے وہ منصوبے مکمل کیے۔
انہوں نے سندھ کو تقسیم کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عوام ایسی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ 2005 میں حیدرآباد ڈویژن کو چار اضلاع میں تقسیم کرنے سے انتظامی پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔
کراچی میں عمارت گرنے کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے اس معاملے پر سخت کارروائی کی، سیکرٹری بلدیات اور ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس بی سی اے کی افرادی قوت، مہارت اور کارکردگی کا جامع آڈٹ کرانے کا حکم دیا ہے جبکہ عمارتوں کے نقشوں کی منظوری اور این او سی کے لیے تھرڈ پارٹی ماہرین کی خدمات لینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، ایس بی سی اے میں بامعنی اور مؤثر اصلاحات متعارف کرائیں گے۔
.jpg)
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کا عملی نمونہ ہے، مسلمان ووٹروں نے ہندو نمائندوں کو منتخب کیا۔ پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے صنعتی ترقی اور نجی سرمایہ کاری ضروری ہے، دھابیجی، بدین اور دیگر علاقوں میں اسپیشل اکنامک زونز قائم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں اور ہاریوں کو خصوصی کارڈز کے ذریعے مالی معاونت، چھوٹے قرضے اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2026-27 کے لیے سندھ کا 720 ارب 6 کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے، انفراسٹرکچر، بلدیاتی نظام، آبپاشی، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، زراعت، توانائی اور پانی کی فراہمی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور عالمی اداروں کے ساتھ شراکت داری کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں سے عوام کی زندگیوں میں حقیقی بہتری آنی چاہیے، منصوبوں پر بروقت عمل درآمد، مالیاتی نظم و ضبط اور مؤثر نگرانی ضروری ہے۔
سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ میں سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ سندھ میں 2026 کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں 76 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، آئی جی پولیس نے بتایا کہ کچے کے علاقوں میں 594 افراد نے ہتھیار ڈالے، 306 گرفتار اور 63 ہلاک ہوئے۔
.jpg)
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچے کے علاقوں میں امن و امان کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، شرکاء کو کراچی سیف سٹی منصوبے، ڈیجیٹل پولیسنگ اور جدید نگرانی کے نظام پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سیکیورٹی اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس آپریشنز اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط بنایا جا رہا ہے، کچے کے علاقوں میں پائیدار امن کے لیے بحالی اور ترقیاتی اقدامات ضروری ہیں۔
نشست کی نظامت سیکرٹری ٹورازم، مائنز اینڈ ریسورسز نور محمد سموں نے کی جبکہ انسٹیٹیوٹ فار سٹریٹجک سٹڈیز، ریسرچ اینڈ اینالیسس کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل رضا ایاز نے اظہار تشکر کیا، تقریب کے اختتام پر یادگاری تحائف کا تبادلہ کیا گیا اور گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments