3روز سے لاپتہ خاتون کی لاش اژدھے کے پیٹ سے برآمد

جکارتہ :(ویب ڈیسک )انڈونیشیا میں 3 روز قبل لاپتہ ہونے والی خاتون کی لاش اژدھے کا پیٹ کاٹ کر نکال لی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 6 جون کو فریدہ نامی خاتون کھانے پینے کی چیزیں فروخت کرنے کے لیے اپنے گاؤں سے قریبی مارکیٹ کی طرف نکلی تھی جس کے بعد وہ واپس نہیں لوٹی۔

 رپورٹس میں بتایا گیا خاتون کے 55 سالہ شوہر نے اہلیہ کے گھر نہ لوٹنے پر رات کو گاؤں والوں کو اطلاع دی جس کے بعد لوگوں نے خاتون کو ڈھونڈنا شروع کیا،اگلے دن اژدھے کو پھولے ہوئے پیٹ کے ساتھ دیکھا گیا تو لوگوں کو شک ہوا جبکہ خاتون کی چیزیں بھی قریب سے ملنے پر لوگوں کا شک و شبہ مزید گہرا ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا  کہ لوگوں نے 20 فٹ لمبے اژدھے کو پکڑ کر اس کا پیٹ کاٹنا شروع کیا تو خاتون کی لاش کا سر دکھنے لگا جس کے بعد دیکھا گیا کہ خاتون کی لاش پورے کپڑوں کے ساتھ اس کے پیٹ میں موجود ہے۔

میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ اژدھے کا پیٹ کاٹ کر خاتون کی لاش کو باہر نکالا گیا جس کے بعد اسے کپڑے میں لپیٹ کر آخری رسومات کے لیے منتقل کر دیا گیا،اژدھے نے خاتون کے پیروں میں دانت گڑائے جس کے بعد خاتون کے جسم کے ساتھ لپٹ کر اسے دبوچ کر اس کی سانسیں روک دیں اور پھر خاتون کو نگل گیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں