بلوچستان میں انڈوں پر ایکسپائری تاریخ لکھنا لازمی قرار دیدیا گیا
بلوچستان (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت نے انڈوں پر ایکسپائری تاریخ لکھنا لازمی قرار دے دیا، صوبے میں انڈوں کے سپلائرز، ہول سیل ٹریڈرز اور دکانداروں کو انتباہ بھی جاری کر دیا گیا۔
انڈوں کے سپلائرز، ہول سیل ٹریڈرز اور عام دکانداروں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ 31 اگست 2024 سے اپنے مراکز میں فروخت کیے جانے والے انڈوں پر ایکسپائری تاریخ لازمی ظاہر کریں جبکہ سپلائی کردہ انڈوں کا تمام تر ریکارڈ بھی دکان میں موجود رکھیں۔
بی ایف اے حکام کے مطابق خراب و باسی انڈوں کی فروخت و سپلائی کے مکمل تدارک کیلئے صوبہ بھر میں انڈوں اور پیکنگ پر ایکسپائری تاریخ لکھنا جبکہ انڈوں کا تازہ و صاف ستھرا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق عوام سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ بغیر ایکسپائری کے انڈوں کی خریداری سے گریز کریں اور کسی بھی جگہ بغیر ایکسپائری انڈوں کی فروخت دیکھیں تو فوراً بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں۔
دوسری جانب کہا گیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی پر ذمہ داران کے خلاف بی ایف اے ایکٹ 2014 کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔